بنٹوال 11/دسمبر(ایس او نیوز) دومشتبہ افراد کی پوچھ تاچھ کے دوران اتفاقی طور پرراجدھانی جیویلرس کے پاس شوٹ آؤٹ کا ایک مفرور ملزم پولیس کے ہاتھ لگ گیا ہے۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق وٹلاپولیس نے دیکھا کہ تھنگا لاڈی کے فیاض عرف پھیّا (۰۲ سال) اورکوٹیکر کے یحییٰ (۶۲ سال)نامی دو نوجوان مشتبہ حالت میں گھوم رہے ہیں۔ پھر ان سے پوچھ تاچھ کی تو پتہ چلا کہ وہ لوگ چوری کی ہوئی سگریٹ کے پاکٹس بس اسٹانڈ پر واقع ایک دکان میں فروخت کرنے کا موقع دیکھ رہے ہیں۔
گہری تفتیش پر معلوم ہوا کہ انہوں نے تھنگالاڈی کے عمر نامی ایک شخص کی دکان سے یہ دو ہزار روپے مالیت کی سگریٹ چرائی تھی اور تین ہزار روپے نقد بھی اڑالیے تھے۔پھر اسی تفتیش کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ فیاض وہی شخص ہے جو راجدھانی جیویلرس کے پاس شوٹ آؤٹ کابھی ملزم ہے۔وہ اس واقعہ کے بعدفرار ہوکر خلیجی ملک چلا گیا تھا۔ اس کے بعد اس کا کوئی اتہ پتہ نہیں مل رہا تھا، جبکہ وہ حال ہی میں خلیج سے واپس لوٹ کریحییٰ کی سنگت میں اپنے شہر اور اطراف میں مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہوگیا تھا۔پولیس نے ملزمین کو عدالت میں پیش کرکے جیل بھیج دیا ہے۔